اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ طرز حکمرانی میں شفافیت لانے اور مسائل کے حل کیلئے گورننس انوویشن لیب قائم کی جا رہی ہے۔بدھ کو وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گڈگورننس اور شفافیت کے موضوع پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ طرز حکمرانی میں شفافیت لانے اور مسائل کےحل کیلئے گورننس انوویشن لیب قائم کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ لیب کا مقصد عوام کو گورننس کا حصہ بنانا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے، ترقی کا عمل گڈ گورننس سے مشروط ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مستقبل کا دارومدار نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ شفافیت نجی سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد دیتی ہے ،کسی بھی پالیسی سے مطلوبہ نتائج 8 سے 10 سال میں حاصل ہونا شروع ہوتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سیاسی استحکام اور پالیسی کا تسلسل ترقی کے لئے اولین شرط ہے ،پاکستان میں 18- 2013 تک ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کرپشن میں کمی واقع ہوئی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ 2018 – 22 میں عالمی رینکنگ کے مطابق پاکستان میں کرپشن کی سطح میں اضافہ ہوا ،وفاقی ترقیاتی بجٹ میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کی جائے۔