اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے درمیان ملاقات میں پاک فوج میں دو اہم ترین تعیناتیوں پر مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس کی تعیناتی کےلئے بھجوائے گئے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیر دفاع کی ملاقات میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل کے ناموں پر مشاورت کی گئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم جلد ہی تمام مشاورت مکمل کرلی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد یہ سمری صدر کے پاس جائے گی جس کے بعد صدر کی منظوری سے سمری ایک بار پھر وزیراعظم ہاﺅس آئے گی جہاں دو اہم تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائےگا۔