کراچی ( نمائندہ خصوصی )ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کو سیاست سے دور رکھا جائے تو بہتر ہوگا، قانون کا بول بالا ہونا چاہئے خواہ کوئی شخصیت کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، قومی اہمیت کے معاملات کو تعصب کی نذر کرنے کے بجائے میرٹ پر دیکھا جانا چاہئے، بلدیاتی انتخابات کے لئے حکومت سندھ تیار ہے، الیکشن کمیشن کے 15 جنوری کو انتخابات کرانے کے فیصلے کو سندھ کابینہ کے سامنے رکھیں گے، کے ایم سی کے 46 بڑے پارکس میں فنون و ثقافت کے فروغ کے لئے ہونے والے پروگراموں میں کے ایم سی بھرپور تعاون کرنے کو تیار ہے، معاشرے میں مثبت اور بامقصد چیزوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، پبلک مقامات کو شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آرٹس اینڈ کرافٹس انسٹیٹیوٹ کے تحت تیسرے منی تھیسز شو برائے ٹیکسٹائل ڈیزائن کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شکیل چوہدری، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کے ایم سی علی حسن ساجد اور دیگر عہدیداران و افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے ٹیکسٹائل ڈیزائن کے نمونے دیکھے اور انہیں تیار کرنے والے طالب علموں سے بات چیت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی ہے کہ آرٹس کونسل کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس نے بلاتفریق معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں جن میں سماعت اور گویائی سے محروم بچیاں بھی شامل ہیں، آرٹس کونسل کا شکرگزار ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ کے وژن کو آگے بڑھایا ہے جس میں جسمانی معذوری کا شکار افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں کے بچے اور بچیاں آکر تربیت حاصل کر رہے ہیں جن کے لئے مہنگے آرٹس اسکولوں میں داخلہ ممکن نہیں تھا، اس طرح ہم اپنے آرٹ اور کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، آرٹس کونسل یہ کام سندھ حکومت کے تعاون سے کر رہی ہے، یہاں ہونے والے پروگراموں میں دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں اور ہم اپنے شہر، صوبے اور ملک کا مثبت امیج سامنے لا رہے ہیں، یہی وہ پاکستان ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور جس کے قیام کے لئے بانی پاکستان نے انتھک جدوجہد کی تھی، ہم کوشش کر رہے ہیں معاشرے سے ہر قسم کی تفریق کو ختم کیا جائے اور مثبت کاموں کی حوصلہ افزائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی زمین شہریوں کی ملکیت ہے اور اس کے ہرممکن بہتر استعمال کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہر اس تجویز پر غور کریں گے جس میں کراچی والوں کا بھلا ہو اور یہاں کے شہریوں کو فوائد حاصل ہوسکیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے لہٰذا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اس کے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی تاہم قومی اہمیت کے معاملات کو دس یا بارہ افراد پر چھوڑ دینا مناسب نہیں بلکہ اس کے لئے پوری قوم کو مشترکہ فیصلہ کرنا چاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان کی ایک پہچان ٹیکسٹائل کی مصنوعات ہیں،پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں باقاعدہ تعلیم دے رہی ہیں،ٹیکسٹائل کے شعبے میں برآمدات کے وسیع امکانات ہیں،ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کے شعبے کے طلباءباصلاحیت ہیں اور جدید رجحانات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے لئے روزگار موجود ہیں،پاکستان میں تیار کئے جانے والے کپڑے اور دیگر اشیاءکو دنیا بھر میں پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،پاکستان ٹیکسٹائل کی مصنوعات کو بیرون ملک برآمد کرکے بڑے پیمانے پر زر مبادلہ حاصل کرسکتا ہے،کمپیوٹرائزڈ ڈیزائننگ نے اس شعبے میں جدت، وسعت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے وسیع مواقع پیدا کردیئے ہیں، تقریب سے آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے بھی خطاب کیا اور آرٹس کونسل کے تحت مختلف فنون و ثقافت کے حوالے سے ہونے والے پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔