لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 40 ہزار سے زائد کارکنوں کے لئے خیمہ بستی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے راولپنڈی کی کال کے معاملے پر راولپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی۔عمران خان نے تمام ڈویژن کے قافلوں کی الگ الگ انتظامات کرنے اور 40 ہزار سے زائد کارکنوں کے لئے خیمہ بستی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ شہر میں 2سے 3مقامات پر کارکنوں کی رہائش کا انتظام کیا جائے اور دور دراز علاقوں سے آنے والے کارکنوں کو ایک روز پہلے راولپنڈی پہنچنے کا ٹارگٹ دے دیا گیا ہے۔عمران خان نے کارکنوں کے قیام و طعام انتظامات کو آج (جمعرات ) تک حتمی شکل دے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب 26 نومبر کوراولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے میگاایونٹ کی تیاریاں جاری ہیں ،اسدعمر نے سیاسی، انتظامی ، میڈیا و سماجی میڈیا اور اسٹریٹجک ٹیموں کومتحرک کردیا ۔میزبانی کے فرائض سرانجام دینے والی مقامی ٹیموں کو اہداف دے دیئے گئے جبکہ اسد عمر کے راولپنڈی کے مختلف علاقوں کے دوروں کا شیڈول مرتب کرلیا گیا ۔