اسلام آباد نمائندہ خصوصی) آرمی چیف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعظم ہاوس میں ہوا، اجلاس میں سابق صدر ا?صف علی زرداری، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، جمیعت اہلحدیث پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی، سپہ سالار کی تقرری سے قبل سمری صدر مملکت کو ارسال سے قبل اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ وزیراعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور آرمی چیف کی تعیناتی کا استحقاق آپ کو سونپا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے اجلاس کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس منصب پر بٹھایا ہے، آرمی چیف کی تعیناتی آپ کا آئینی حق ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈاکٹر خالد مگسی نے کہا کہ اہم تعیناتی سے متعلق آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب! ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہباز شریف صاحب ! آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، ارمی چیف کے معاملے پر آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔