لاہور(بیورورپورٹ )
لاہورپریس کلب کی لٹریری کمیٹی کے زیراہتمام سینئر صحافی، شاعر، ادیب اور دانشور بابا پرویز چشتی کے شعری مجموعہ ” صلیب ِ سخن” کی تقریب رونمائی نثارعثمانی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔تقریب کی صدارت بزرگ صحافی حسین نقی نے کی۔ صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد،ڈائریکٹر جنرل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر ڈاکٹر صغرا صدف ، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، سابق صدر ارشد انصاری مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسین نقی نے کہا کہ بابا پرویز چشتی کی یہ تخلیق ہماری سیاسی تاریخ بیان کرتی ہے ،انہوں نے اپنی شاعری میں ان واقعات اورحقائق کو پیش کیا جن سے ہماری آج کی نوجوان نسل آگاہ نہیں،نوجوانوں خصوصاً صحافیوں کو ملکی سیاسی تاریخ اور ماضی کے حقائق سے آگاہی کے لیے ” صلیب سخن “ کا ضرور مطالعہ کرناچاہیے۔ گروپ ایڈیٹر روزنامہ جنگ،معروف اینکر سہیل وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا چشتی نے رپورٹنگ میں نئی جہتیں متعارف کرائیں ہم نے ان کو فالو کیا. سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لٹریری کمیٹی نے اس شاندار تقریب کا انعقاد کرکے پریس کلب کی روایات کو آگے بڑھایا ہے اوراس پر میں کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی کتاب ایک ریفرنس بک کا درجہ رکھتی ہے میں آج کے طالب علموں کو باباپرویز چشتی کے شعری مجموعے کے مطالعہ کا بھی مشورہ دوں گا۔تقریب سے ارشد انصاری ،ڈی جی پلاک ڈاکٹر صغرا صدف ، سینئر صحافی چودھری خادم حسین، تاثیر مصطفی، جاوید صدیقی اور علامہ صدیق اظہر ،نوید چودھری، ڈاکٹر غافر شہزاداورڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ نے باباپرویز چشتی کے شعری مجموعے اوران کی شخصیت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔مقررین نے کہا کہ بابا پرویز چشتی بذلہ سنج اورمرنجا ں مرنج شخصیت کے مالک تھے
،ان کی بہت سی نظمیں اورغزلیں اس دور کی مکمل کہانی بیان کرتی ہیں، بابا پرویزچشتی کی شاعری پر بھی اسی طرح کی ایک بھرپور نشست کا اہتما م ہونا چاہیے تاکہ ان کے شعری محاسن کے بارے میں نئی نسل اوربالخصوص نوجوان صحافیوں کو آگاہی مل سکے۔صلیب سخن کے پبلشر اورسینئر صحافی اظہر غوری نے بابا پرویز چشتی کی شاعری کے حوالے سے مضمون پڑھاجس میں ” صلیب سخن“کے شعری اسلوب کو نہایت عمدگی سے بیان کیا۔ تقریب سے بابا پرویز چشتی کے صاحبزادوں جمیل چشتی ، عقیل چشتی اوران کی پوتی عقیدت چشتی نے بھی اظہار خیال کیا۔ میزبانی کے فرائض خواجہ آفتاب حسن اورتمثیلہ چشتی نے ادا کیے۔ تقریب میں بابا پرویز چشتی کے اہلخانہ اورسینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءمیں ذکاءالدین راجپوت، شہباز انور خان ،ڈاکٹر کنول فیروز،د ین محمد درد ، انتخاب حنیف ، محمد اکرم ، فاروق انور حارث، شہزا د فراموش، میم سین بٹ، قمرالزمان بھٹی، پرویز الطاف ، عمران شیخ،اعجاز مرزا، سہیل اشرف ، زوارکامریڈ، علی اصغر عباس، خواجہ جمشید امام ، سمیرابتول ، ارشاد امین، سعید اختر، شبیر صادق، راجا اشرف، وسیم نظیر، فہیم نظیر،نواز طاہر،راشد احراز،ممبر گورننگ باڈی سید رضوان شمسی، حفیظ الرحمان مغل، دبیر بٹ، محمد بابراورندیم شیخ سمیت دیگر شامل تھے۔