کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم برائے ٹریفک اور روڈز کے متاثرین کے حوالے سے نارتھ واک مال نارتھ ناظم آباد میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ کراچی سینٹرل میں واقع نارتھ واک شاپنگ مال کے سامنے سروس روڈ پرپروگرام کا انعقاد کیا گیا،پرہجوم پروگرام میں ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پی ٹریفک پولیس نارتھ ناظم آباد نے بھی خصوصی شرکت کی اس موقع پر ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد بھی موجود رہے۔ تقریب میں آنے والے مہمانوں کو کار شو اور ہیوی بائیک کے حاضرین قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے رہے۔ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، رانگ وے، سگنل توڑنا، پریشر ہارن، سائلنسر دھماکے، اوور اسپیڈ اور ٹریفک قوانین سے متعلق بہترین آگاہی فراہم کی گئی۔ پروگرام میں شریک ہونے والے آل کراچی اسپورٹس کارایسوسی ایشن کے صدر اور آل کراچی ہیوی بائیک ایسوسی ایشن کے صدور نے بھی شرکت کی اور حادثات و دیگر احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔پروگرام پرہجوم ہونے کی وجہ سے عوام کا رش بہت زیادہ ہو گیا جس کی وجہ سے پروگرام کو وقت مقررہ سے پہلے ختم کرناپڑا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر تعینات تھی جبکہ مستعدجوانوں نے پروگرام کو کامیاب کرانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ دریں اثناء تقریب میں ایک فلاحی ادارے کی جانب سے مفت پودے تقسیم کیئے گئے جس کو بہت سراہا گیا۔