لاڑکانہ(بیورورپورٹ) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن گھنور علی لغاری نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سندھ حکومت مشکل حالات کے باوجود اسکیموں کے لیے رقم جاری کر رہی ہے، اس لیے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو کسی قیمت پر نہیں روکا جانا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف محکموں کی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں روڈس، صوبائی بلڈنگس، پراونشل ھائی ویز، ورکس اینڈ سروسز، ایجوکیشن ورکس، پبلک ہیلتھ اور دیگر محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف محکموں کے انجینئرز اور دیگر افسران نے اپنے اپنے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ بارشوں کے باعث ترقیاتی منصوبوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی مقامات پر سکیموں کا کام رک گیا ہے، جنہیں جلد از جلد شروع کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنروں کو چاہئے کہ وہ ذاتی طور پر تعلقہ ہیڈ کوارٹر میں چل رہے کام کی نگرانی کریں اور پراجکٹس کو مکمل کرنے کے لئے اسکیموں کا ذاتی طور پر دورہ کریں جبکہ متعلقہ محکموں کے ایس ایز اور دیگر افسران اپنے اپنے علاقوں میں جاری کاموں کا دورہ کرتے رہیں اور ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بہت سی اسکیموں کے لیے پیسے مل چکے ہیں لیکن پھر بھی کام وقت پر مکمل نہیں ہوتا، رواں مالی سال کے 6 ماہ میں کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ کئی مقامات پر پبلک ہیلتھ پمپنگ اسٹیشن کام نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہے، جہاں بھی یہ مسئلہ ہے اسے مستقل طور پر حل کیا جائے، اسکیموں کے لئے مختص زمینوں سے تجاوزات ختم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ روکے گئے محکموں کی سکیموں کے فنڈز جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹی اسکیموں کو چلانے کے بجائے بڑی سکیموں پر خرچ کیا جائے تاکہ عوام کو ان کے ثمرات مل سکیں، اس حوالے سے جو مسائل ہیں انہیں بتایا جائے کہ ان کو حل کیا جائے گا، سڑکوں کی تعمیر کے دوران عوام کی املاک کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ گندا پانی مکینوں کے گھروں میں داخل نہ ہو، کمشنر لاڑکانہ نے مزید کہا کہ ریونیو اسکیموں کو مکمل کیا جائے اور ایس ایز اور مختیارکاروں کے دفاتر کی حالت خراب ہے انہیں ترقیاتی سکیموں میں شامل کیا جائے، ایس ایز اور دیگر حکام 10 ملین سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا ہر صورت دورہ کریں، ایسے علاقوں میں ترقیاتی کام شروع نہ کیے جائیں جہاں بارش کا پانی کھڑا ہو جائے، پبلک ہیلتھ اور ایجوکیشن ورکس اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے کیونکہ ان کا تعلق غریب عوام سے ہے، اجلاس میں پبلک ہیلتھ، ایجوکیشن ورکس، روڈز، پراونشل بلڈنگز اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔