اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان نے نئی دہلی میں نو منی فار ٹیرر وزارتی اجلاس میں بھارتی قیادت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ بھارت کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت میں پاکستان پر مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بار بار جھوٹے الزامات لگا کر دنیا کو گمراہ کرتا رہا ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارت کی کھوکھلی بیان بازی پاکستان کے کامیاب انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کے سامنے ناکام ہو گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ فیٹف کے اعلیٰ ترین بین الاقوامی ادارے کی جانب سے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منی لانڈرنگ اقدامات کو تسلیم کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ ہمارے مضبوط اور قابل اعتماد اقدامات اور فیٹف ایکشن پلانز کے تسلی بخش عمل درآمد نے اکتوبر میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ترجمان نے کہاکہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی دہشت گردی کی مسلسل مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی سیکورٹی فورسز ہر روز بے گناہ کشمیریوں کو دہشت گردی اور تشدد کا نشانہ بناتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت کئی دہائیوں سے دہشت گردوں کو پناہ اور تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کے مرکزی کردار کو بھی رہا کر دیا۔ترجمان نے کہاکہ رواں سال بھارتی عدالتوں نے مختلف کیسوں کے مجرموں کو رہا کیا۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کو بھڑکانے میں بھارت کا ملوث ہونا وسیع پیمانے پر ثابت اور دستاویزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ نومبر 2020 میں پاکستان نے ایک جامع ڈوزیئر جاری کیا تھا جس میں پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کیے گئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ سزا یافتہ، حاضر سروس، بھارتی نیول کمانڈر کلبھوشن یادیو تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔