لندن/اسلام آباد ( نیٹ نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ذلفی بخاری نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام لگانے والے تسنیم حیدر کے ساتھ اپنی تصاویر سامنے آنے پر ردعمل دیا ہے۔ٹوئٹر پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ مجھے عزت سے نوازا ہے، اس تقریب میں 1500سے زیادہ افراد تھے، میں اس آدمی کو نہیں جانتا۔ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ تصویر سے ظاہر ہے کہ میں ابھی ابھی ان سے متعارف ہوا تھا، میں اس طرح کی ‘گٹر’ کی سیاست کرکے اپنے آپ کو نہیں گراؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہےکہ الزام لگانے والا برطانیہ میں یہ بات کر رہا ہے، برطانیہ میں جھوٹا الزام لگا کر بچنا ناممکن ہے، الزامات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، تحقیقات ضروری ہیں، اگر الزامات جھوٹے ہیں تو برطانوی عدالت سے رجوع کرلیں۔دریں اثناء
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے نواز شریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام لگانے والے تسنیم حیدرکی پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئرکردیں۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں تسنیم حیدرکی پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بظاہریہ بندہ فراڈیا لگتا ہے،نہ کبھی نام سنانہ کبھی دیکھا، کچھ چینلز نے اسے سیدھا ن لیگ کا ترجمان بنادیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شرم کرو، جھوٹ کی بھی کوئی حدہوتی ہے، ذلفی بخاری کا ترجمان ہوسکتا ہے یہ اور اکثر پی ٹی آئی کےاجتماعات میں ہی نظر آتا ہے۔