کراچی ( نمائندہ خصوصی)
شہپر ٹو پاکستان فوج کا ’میزائل سے لیس پہلا جنگی ڈرون‘آیئڈیاز 2022 کا مرکز نگاہ بن گیا حکام کے مطابق برق نامی میزائل سے لیس یہ ڈرون ایک ہزار کلومیٹر تک پرواز کر کے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے.کراچی میں چار سال بعد منعقد ہونے والی چار روزہ عالمی دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2022‘ جمعے کو ختم ہوگئی۔نمائش میں 500 سے زائد کمپنیوں اور مختلف ممالک نے سینکڑوں قسم کے دفاعی سامان کی نمائش کی۔ نمائش میں حکومت پاکستان کی کمپنی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے میزائل سے لیس ‘ملک کا پہلا فلیگ شپ جنگی ڈرون’ شہپر ٹو پیش کیا۔برق نامی میزائل سے لیس یہ ڈرون ایک ہزار کلومیٹر تک پرواز کر کے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔جی آئی ڈی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) اسد کمال کے مطابق ’شہپر ٹو‘ پاکستان فوج، نیوی اور ایئر فورس کے بیڑے میں شامل ہو چکا ہے۔ اسد کمال نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ‘یہ ڈرون نگرانی کرنے کے ساتھ کسی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔اس ڈرون کی رینج 1000 کلومیٹر ہے اور یہ سیٹلائٹ سے منسلک ہوتا ہے۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ڈرون جیمنگ سسٹم کو نظر انداز کر سکتا ہے اور اس میں لگے خودکار نظام کی وجہ سے یہ آپریشن مکمل کرنے کے بعد ازخود واپس آسکتا ہے۔