لاہور( بیورو رپورٹ) عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم سے متعلق اہم معلومات حکام کو موصول ہوگئی ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم سیالکوٹ اور مظفرگڑھ میں 3 لوگوں سے رابطے میں تھا، ملزم نوید کے 2 رشتہ داروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم نوید 6 سال سعودی عرب میں مقیم رہا، اور گزشتہ 3 ماہ سے ایک ہی علاقے میں رہ رہا تھا۔حکام کے مطابق ملزم نوید کے نام پر 4 موبائل سمز رجسٹرڈ ہیں، 3 غیرفعال نکلیں، ملزم 8 سال پہلے چوری کے الزام میں جیل کاٹ چکا ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کی تحقیقات کے لیے بننے والی جے آئی ٹی نے باضابطہ کام شروع کردیا۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دو اراکین سید خرم علی اور نصیب اللہ نے وزیر آباد میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اور مزید ڈیجیٹل شواہد کے حصول کے لیے پوائنٹس کی نشاندہی کی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر بحیثیت کنوینئر جے آئی ٹی دو روز میں وزیر آباد جائیں گے، جب کہ جے آئی ٹی عدالت سے ملزم نوید کا ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد پوچھ گچھ کرے گی۔