کراچی(نمائندہ خصوصی) بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار، آئیڈیاز-2022 کا گیارھواں ایڈیشن آج کراچی ایکسپو سینٹر میں اختتام پذیر ہوا۔ جس میں پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پروجیکٹ NASTP اسٹال کو تقریب میں ‘سب سے زیادہ سجایا گیا اسٹال’ ہونے کے انعام سے نوازا گیا جو کہ پاک فضائیہ کی ٹیم کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نمائش میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بننے والے پروجیکٹ NASTP نے آئیڈیاز-2022 کے چار روزہ شو کے دوران مہمانوں اور غیر ملکی معززین سے خوب داد وصول کی۔ NASTP پرو جیکٹ، سربراہ پاک فضائیہ کے ازخود اقدامات کی بدولت ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا، یہ منصوبہ صنعت اور تعلیمی شعبے میں ربط کے قیام جبکہ سائبر، اسپیس اور ہوابازی کے شعبوں میں ڈیزائن،تحقیق، جدت کے حصول کے لیے ضروری عناصر سے لیس ایک بہترین ماحول فراہم کرے گا۔آئیڈیاز-2022 میں شامل ہونے والے 64 ممالک کے 285 غیر ملکی وفود اس نمائش کی بین الاقوامی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ آئیڈیاز-2022 میں NASTP کی کامیابی، اس سنگِ میل کی جانب سفر کا محض ایک آغاز ہےجو آنے والی دہائیوں میں یہ منصوبہ عبور کرے گا۔ اس میگا ایونٹ نے پاک فضائیہ کے قومی سطح کے منصوبوں کو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمانوں سے متعارف کروانے کا موقع فراہم کیا اور غیر ملکی دو طرفہ دفاعی تعاون کی بھی حوصلہ افزائی کی۔