اسلام آباد( نیٹ نیوز )
پاکستان کی معروف اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کیساتھ تین سال سے رابطہ کی کوشش کر رہا ہوں، چاہتا ہوں عالم دین دونوں کے درمیان تنازعات حل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔یاد رہے کہ اداکارہ اور اسد خٹک پانچ سال سے بچوں کی حوالگی، جہیز ملکیت سمیت دیگر امور پر عدالت میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔اسد خٹک اور وینا ملک کے درمیان 2017 میں طلاق ہوئی جس کے بعد بچوں کی حوالگی کی قانونی جنگ شروع ہوگئی۔ دو روز قبل چار سال بعد اسد خٹک نے سندھ ہائیکورٹ میں بچوں سے ملاقات کی جس پر وہ جذباتی بھی ہوگئے۔اس دوران اسد خٹک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تقریبا 4 سال بعد بچوں سے پہلی ملاقات کی اور وہ بیٹی کو گود میں لینے کی خوشی بیان نہیں کر سکتے۔ میری بچوں سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی تھی، اسی لیے عدالت سے رجوع کیا۔وینا ملک کے سابق شوہر نے انکشاف کیا کہ 3 سال سے مولانا طارق جمیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں تاکہ وہ ان کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کوئی کردار ادا کریں مگر ان کا مولانا صاحب سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے مولانا طارق جمیل کو درخواست کی کہ وہ ان کے اور وینا ملک کے درمیان تنازعات کو حل کرنے میں کردار ادا کریں۔
خیال رہے کہ وینا ملک نے اسد خٹک سے 2014 میں دبئی میں شادی کی تھی اور پھر وہ چند سال تک وہیں مقیم تھیں، دونوں کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں جو اس وقت وینا ملک کے ساتھ پاکستان میں رہتے ہیں۔