اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پر بھاشن نہ دیں۔ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے شیخ رشید اور عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھگوڑا پشاور بھاگ گیا، چپڑاسی لال حویلی میں چھ±پ گیا، واہ رے انقلاب۔رانا ثناءاللہ نے شیخ رشید سے پوچھا کہ 25 مئی کو باس کو چھوڑ کر کہاں روپوش تھے؟ خونی مارچ کے اعلان کرنے والا خود ہی مارچ کے دن سویا ہوا تھا، یہ دوسروں کے بیگناہ بچوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی دکان چمکانے والے لوگ ہیں۔انہوں نے سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پہ بھاشن نہ دیں، نیب قانون کی کسی ترمیم سے کوئی موجودہ کیس ختم نہیں ہوا، چار سال میں کسی کیس کا کوئی ثبوت کسی عدالت میں نہیں دیا گیا بلکہ نیب نے ملک کی معیشت تباہ کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے کاروبار اور سرمایہ کار برادری کو خوف سے نجات دلائی ہے، ہم نے ڈٹ کر عدالتوں میں سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں، باس اور چپڑاسی کی طرح میدان سے نہیں بھاگے۔انہوںنے کہاکہ عمرانی انقلاب ضمانتیں کرا رہا ہے، عمران انقلاب خیبرپختونخوا کے عوام کے پیسے پر منرل واٹرپی رہا اور ہیلی کاپٹر کی سیر کر رہا ہے۔رانا ثنااللہ نے کہاکہ کوئی مسلح جتھہ وفاق پر حملہ کرنے کا سوچے یہ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔