کراچی (بیورو رپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ٹرانس کراچی کو بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ 22 کلومیٹر بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیر مکمل ہونے سے ملیر ، ضلع شرقی کے شہریوں کو سٹی سینٹر تک پہنچنے میں آسا نی ہو گی ۔ یہ بات صوبائی وزیر و چیئرمین ٹرانس کراچی شرجیل انعام میمن نے ٹرانس کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 21ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے مسائل حل کئے جائیں ، تاکہ کام کی رفتار تیز ہوسکے۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایت
دی کہ کے الیکٹرک کے ساتھ یوٹیلیٹی کی منتقلی سے متعلق آئندہ ہفتہ اعلی سطحی اجلاس رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں وہ بی آر ٹی ریڈ لائن کوریڈور پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے لیے دورہ کریں گے ۔ اجلاس میں بورڈ کے 21 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ کی مختلف کمیٹیوں کی منظوری بھی دی گئی ۔ جبکہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ اس موقع پر سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال نے ریڈ لائن پروجیکٹ کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملیر ہالٹ سے موسمیات تک لاٹ ون کنسٹرکشن زون انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے کنٹریکٹر کے حوالے کردیا ہے ۔ٹینک چوک سے چیک پوسٹ نمبر 6 تک 3 کلومیٹر اسٹارم واٹر ڈرین کا 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ٹیپو سلطان سوسائٹی پر انڈر پاس کی تعمیر کے لیے کھدائی مکمل ہوچکی ہے۔ ہائیڈرنٹ -ریس کورس انڈر پاس کی کھدائی پر کام جاری ہے ، جبکہ چیک پوسٹ نمبر 6 ، ریس کورس اور ٹیپو سلطان سوسائٹی پر بس اسٹیشن کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملیر ہالٹ بس ڈپو پر بھی کام کا آغاز کردیا ہے ، جبکہ موسمیات ڈپو کی تعمیر کے لیے متبادل جگہ کے لیے محکمہ ریونیو سے رابطہ میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیات سے نمائش چورنگی تک لاٹ ٹو پر کام تیزی سے جاری ہے ، این ای ڈی یونیورسٹی ، کراچی یونیورسٹی اور شیخ زید اسلامک سینٹر اسٹیشنز کی بنیاد ڈال دی ہے ، پروجیکٹ میں سب سے بڑا مسئلہ یوٹیلٹی انسٹالیشن کی منتقلی ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی الطاف ساریو، جسٹس ریٹائرڈ محمد شائق عثمانی ، پروفیسر سروش حشمت لودھی ، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال ، سیکریٹری ٹرانس کراچی محمد اقبال لالانی اور دیگر کی شرکت کی۔