کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی پریس کلب کے لئے سالانہ 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دے دیا۔ صوبائی وزیر سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور جنرل سیکرٹری رضوان بھٹی نے چیک وصول کیا۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی ، ڈائریکٹر ایڈمن اطلاعات محمد یوسف کابورو بھی موجود تھے۔ شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ گرانٹ سے پریس کلب کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے کاموں اور کلب میں سہولیات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے رہ جانے والے ممبران کو پلاٹس الاٹ کرنے کا مسئلہ بھی جلد حل کر دیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں ۔ گزشتہ روز سندھ کابینہ نے کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنسلٹس اینڈ میڈیا پریکٹشنرز کی منظوری دی ہے ، جس کے بعد سندھ ملک کا واحد صوبہ بن گیا ہے ، جس نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کمیشن تشکیل دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کمیشن کے چیئرمین کے لئے بہترین شہرت کے حامل شخصیت جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی کو منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تحفظ ملے گا ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شہر کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ٹرانسپورٹ ، بلدیات ، صحت اور تعلیم کے شعبو ں میں بڑے منصوبے مکمل کئے ہیں اور متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں پیپلز بس سروس، اورنج لائن ، الیکٹرک بس سروس کا آغاز کردیا ہے، بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ آئندہ دو سال میں مکمل ہو جائے گا، جبکہ یلو لائن پر کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ۔