اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دفاعی ادارے بھی عمران خان کی جارجیت سے محفوظ نہیں ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کوجن حالات سے دوچار کیا جا رہا ہے، قومی فریضہ ہے کہ اب پاکستان کی بقا کے لئے پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا عمران خان نے ملک کو نقصان پہنچا دیا ہے، ملک کے دفاعی ادارے بھی عمران کی جارحیت سے محفوظ نہیں ہیں۔پی ڈی ایم سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ با وقار انداز کے ساتھ اختلاف رہتا ہے لیکن ملکی اداروں کی عزت و وقار کو ملک کے اندر اور باہر رسوائی کا سبب نہیں بنے دیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین میں ملک کو ڈبویا، عمران خان کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو رہا تھا تاہم موجودہ حکومت نے آ کر پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالا اور 75 سال بعد پالیسی سعود سے پاک ہونے جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو گمراہ کرنے کا نام سیاست نہیں، آج بین الاقوامی امریکی سازش کہاں ہے، دو دن ہی گزرے ہیں لیکن عمران کہتے ہیں یہ قصہ پُرانا ہوگیا اور آج یہ امریکا سے دوستی کرنا چاہتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے ذریعے سے مارچ کو چلایا جا رہا ہے، اگر ہم نے عوام کو پنڈی پہنچنے کا کہا تو عمران خان کیا کریں گے، ہمارے لوگ عمران کے لانگ مارچ کو تہس نہس کردیں گے۔پی ڈی ایم سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ اصل حقائق سامنے آگئے ہیں، عمران بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، اس وقت پاکستان اسرائیل، بھارت اور عمران خان کے نشانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ جب چینی صدر ایک میگا پیکیج کے ساتھ پاکستان آ رہے تھے تو عمران خان نے دھرنا دیا اور اب 21 نومبر کو سعودی ولی عہد دورے پر آ رہے تھے تو عمران نے 21 تاریخ کو ہی دھرنے کا اعلان کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم میدان میں ہیں اور پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑیں گے، عمران اپنی چوری کو چھپانے کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔