کراچی (رپورٹ میاں طارق جاوید)انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمنار (آئیڈیاز) خطے کا ایک میگا ایونٹ ہے جو ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن پاکستان کے تحت ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ سال 2000میں آغاز سے اب تک آئیڈیاز دفاعی صنعت کے مینوفیکچررز، انٹرپرنیوررز، آر اینڈ ڈی ماہرین، مالیاتی ماہرین اور اعلیٰ سطح کے پالیسی میکرز کے درمیان تعاون کے فروغ، معلومات کے تبادلے اور دفاعی میدان میں جوائنٹ وینچرز کو سپورٹ کرنے کے لیے خطے کا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ آئیڈیاز ایک ایسا ایونٹ ہے جو عالمی دفاعی صنعت کو کاروباری اشتراک اور تعاون کا اجتماعی موقع فراہم کرتا ہے۔ آئیڈیاز 2022کے گیارہویں ایڈیشن کا کراچی ایکسپو سینٹر میں 15نومبر 2022سے آغاز ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور مہمان خصوصی آئیڈیاز 2022کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں دفاعی صنعت سمیت دیگر شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز اور تجارت کے بے پناہ مواقع ہیں۔ آئیڈیاز عالمی مینوفیکچررز اور سپلائرز کو خطے میں جوائنٹ وینچرز، آؤٹ سورسنگ اور اشتراک عمل کے ذریعے دفاعی اشتراک کے لیے گیٹ وے کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہد حاضر کے سیکیوریٹی چیلنجز سے نمٹنے میں ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کرتی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال عالمی امن اور دنیا کو محفوظ بناسکتا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور سلامتی کا ماحول برقرار رکھنے کے لیے اپنے عزم پر کاربند رہی ہے۔ باہمی مفادات، متوازن دوطرفہ تعلقات اور بقائے باہمی کے بین الاقوامی اصول پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی مقاصد ہے جن کی بنیاد پر پاکستان کے دوطرفہ باہمی اور کثیر فریقی تعلقات استوار ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان باہمی مسائل کے حل اور خطے میں امن کی فضاء قائم رکھنے کے لیے ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامقصد بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ہمارے لحاظ سے ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر عالمی امن و استحکام کے پختہ عزم کی تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت معیار اور بھروسے کی منزل سے ہمکنار ہوچکی ہے اور اس کی مصنوعات انٹرنیشنل ڈیفنس مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بن چکی ہیں۔ اس میدان میں مزید مہارت کے لیے ضروری ہے کہ اکیڈمیا، صنعت اور پبلک پرائیوٹ دفاعی صنعت میں اشتراک عمل کو مضبوط بنایا جائے اور پاکستان کے دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کو فروغ دیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ تیز رفتار ترقی اور ایکسپورٹ کے شعبہ کو مضبوط بنانے
دفاعی تحقیق، سائنسی ترقی، دفاعی مینوفیکچرنگ اور جوائنٹ وینچرز کا عالمی پلیٹ فارم بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔اس مقصد کے لیے وزارت دفاعی پیداوار پاکستان کی دفاعی صنعت کے اندرون و بیرون ملک مفادات کے تحفظ واضح ترجیحات اور سوچ پر عمل پیرا ہے۔ اس وقت ہم دنیا کے 60سے زائد ملکوں کے قابل اعتماد ایکسپورٹ پارٹنر بن چکے ہیں۔ اس سے قبل استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈی ای پی او میجر جنرل محمد عارف ملک نے غیرملکی مندوبین، مقامی نمائش کنندگان، تجارتی وفود اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیر خارجہ نے نمائش کا دورہ کیا اور پاکستان کی دفاعی صنعت کے اداروں گلوبل انڈسٹریل سلوشنز اینڈ نیشنل ریڈیو ٹیلی کام کارپوریشن کی نئی مصنوعات کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نمائش میں شریک ملکوں اور او ای ایمز کی دفاعی مصنوعات کے معیار کی بھی تعریف کی۔
آئیڈیاز 2022نے جگہ اور مندوبین و نمائش کنندگان کی شرکت کے لحاظ سے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ کراچی ایکسپو سینٹر کے تمام ہالز مکمل طور پر بک کیے گئے ہیں۔ نمائش میں ترکی، چین، نارتھ کراچی، ساؤتھ امریکا، یورپ، ایشیاء اور فار ایسٹ ملکوں کے 500سے زائد نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں۔ نمائش میں 60فیصد بین الاقوامی اور 40 فیصد مقامی ہیں۔ تجارتی وفود کے علاوہ 64ملکوں کے مندوبین کے مابین 285 اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی نمائش کے دوران کی جائیں گی۔ بدر ایکسپو سلوشنز آئیڈیاز 2022کا ایونٹ منیجر ہے۔ نمائش 18نومبر 2022تک جاری رہیگی۔