لاڑکانہ(بیورورپورٹ) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ میں شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش مناکر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر ریجنل کالجز لاڑکانہ احمد بخش بھٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر سید امتیاز علی شاہ، کالج کی پرنسپل میڈم ارشاد بیگم عباسی، پروفیسر زینب فاطمہ، فوزیہ ہالیپوٹو، طاہرہ سکینہ اور بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی، تقریب میں طلباء نے ٹیبلوز پیش کرکے اپنے پرجوش انداز میں علامہ اقبال کی زندگی پر روشنی ڈال کر تقاریر کیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر ریجنل کالجز لاڑکانہ احمد بخش بھٹو اور دیگر نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جوش و خروش پیدا کرکے ایک علیحدہ آزاد ملک کا تصور پیش کیا جس کے نتیجے میں مسلمانوں نے فیصلہ کیا کہ اب ہم غلام بن کر نہیں بلکہ اپنے آزاد ملک پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں اور طویل جدوجہد کے بعد 14 اگست 1947 کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں انگریزوں سے آزادی دلائی، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم ایک خوش نصیب قوم ہیں کیونکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے نوجوانوں میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جن کی مدد سے ہم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی شاعری کا مطالعہ کرکے ان کے افکار اور فلسفے پر عمل پیرا ہونا چاہیے جس سے ہم تمام چیلنجز کا مقابلہ کر کے اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، تقریب میں بارہویں جماعت میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات اور توصیفی اسناد بھی دی گئیں۔