کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جگر کی پیوندکاری زندگی بچانے کا واحد علاج ہے۔ انکی حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ سستی اور معیاری صحت ہر ایک شہری کا بنیادی حق ہے نہ صرف اخلاقی اور سماجی طور پر بھی ناگزیر ہے بلکہ ہماری معیشت اور معاشرے کی پائیدار طویل مدتی ترقی کیلئے ایک ضروری جزو بھی ہے۔ یہ بات انھوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ڈاؤ اسپتال آف ہیلتھ سائنسز (اوجھا کیمپس) میں جگر کی 75 کامیاب پیوندکاریوں کی تکمیل کے موقع پر کینسر سینٹر کا سنگ بنیاد اور او پی ڈی کے چار نئے بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پہنچنے پر ڈاؤ کے وائس چانسلر سعید قریشی نے انکا استقبال کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تھے جبکہ اس موقع پر وزیر محنت سعید غنی، پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سومرو اور سیکرٹری صحت ذوالفقار شاہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے جگر کی پیوندکاری کی خدمات شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کے ساتھ کھڑا ہونا ایک اعزاز سمجھتا ہوں جنہوں نے معیاری صحت کی فراہمی کیلئے محنت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دائمی بیماریوں کے لیے طویل مدتی علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جگر کی بیماری ملک میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے، جگر کی پیوند کاری زندگی بچانے کا واحد علاج ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت کا لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ میں جگر کی پیوندکاری کے 500 مفت آپریشن ہو چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سستی اور اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور صحت کی خدمات کے نظام کا سب سے بڑا چیلنج مناسب ہیلتھ کوریج اور طبی سہولت کی مساوی فراہمی ہے۔انھوں نے کہا کہ غربت کے باعث لوگ ضروری علاج میں تاخیر ترک کرتے ہیں، اکثر مریض مالی مجبوریوں کی وجہ سے جگر کی پیوند کاری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے فنڈز مختص کرنے سے صوبے میں لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کےتعاون سے ڈاؤ اسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ نے کامیاب 75 ٹرانسپلانٹس کیے ہیں۔ انسانیت کی خدمت کیلئے جگر کی پیوند کاری کے پروگرام کو برقرار رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پرائیویٹ سیکٹر اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ آئیں اور نہ صرف جگر کی پیوند کاری کیلئے عطیہ دیں بلکہ ایک مریض کو اپنائیں تاکہ صحیح سمت میں انکی دیکھ بھال کی جا سکے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو شہر میں لیور ٹرانسپلانٹ سروسز کے کامیابی پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس اسپتال میں او پی ڈی کمپلیکس اور ڈاؤ کینسر سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا اور پودا بھی لگایا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس اسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر صوبائی وزیر محنت سعید غنی بھی چیئرمین اور وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے تقریب سےاستقبالیہ خطاب کیا، ڈاکٹر جہانزیب حیدر نے ڈی یو ایچ ایس میں لیور ٹرانسپلانٹ کے تجربے پر پریزنٹیشن دی اور وی سی ڈاؤن یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ڈاؤ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔