لاڑکانہ(۔ رپورٹ محمد عاشق پٹھان )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، انجمن تاجران خیرپور کے صدر عاشق حسین عباسی کے ہمراہ لاڑکانہ کا دورہ کر کے لاڑکانہ کے تاجر رہنماﺅں حاجی مہتاب شیخ، عبدالرشید شیخ، حاجی وزیر علی شیخ، نثار اللہ شیخ، حاجی محمد علی و دیگر تاجر رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں۔ لاڑکانہ پہنچنے پر محمد کاشف چوہدری، حاجی محمد جاوید میمن، عاشق حسین عباسی کا تاجر رہنماﺅں کی جانب سے والہانہ پرتپاک استقبال کیا گیا، مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرکیں بھی پیش کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ملک بھر کے تاجروں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جوکہ چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صف اول کا کردارا دا کر رہی ہے، ٹیکسز کے مسائل ہوں، یا بجلی، گیس، یا امن وامان کا مسئلہ ہو مرکزی تنظیم تاجران نے ہمیشہ چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور انداز سے نمائندگی کی ہے، سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ بھی تجارتی حب ہے یہاں کے تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے مرکزی تنظیم تاجران کی چھتری تلے آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ کے تاجروں کے مسائل بھی بہتر انداز سے حل ہوسکیں۔ اس موقع پر لاڑکانہ کے تاجررہنماﺅں حاجی مہتاب شیخ، عبدالرشید شیخ، حاجی وزیر علی شیخ، نثار اللہ شیخ، حاجی محمد علی و دیگر محمد کاشف چوہدری ، حاجی محمد جاوید میمن ، عاشق حسین عباسی کو لاڑکانہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میںبازاروں کی سطح پر تنظیمات موجود ہیں، انشاءاللہ جلد ہی پورے لاڑکانہ شہر کے تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحدکر کے تنظیم تشکیل دی جائے گی جس میں ہر بازار کے صدر و جنرل سیکریٹری کو شامل کیا جائے گا تاکہ پورے شہر کو کے تاجروں کو یکجا کر کے تاجروں کو ایک مضبوط طاقت فراہم کی جاسکے اس موقع پر محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ کے تاجروں کو بھی تنہا نہیں چھوڑے گی اگر کسی بھی تاجر کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو ہم مرکز کی سطح تک ان کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کریگی۔ بعدازاں انہوں نے تاجر رہنماﺅں کے ہمراہ لاڑکانہ کے شاہی بازار، ریشم گلی و دیگر بازاروں کادورہ کر کے تاجروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔