دیربالا (نیٹ نیوز)
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ملک کو اوپر اٹھایا تھا اور اب معیشت بیٹھ رہی ہے۔ ہفتے کو خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرف معیشت جا رہی ہے ملک کو خطرہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جب معیشت کمزور ہو گی ہماری سکیورٹی کمزور ہوگی۔ لبنان کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے جو دیوالیہ ہو گیا ہے۔مہنگائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’رات کو اس حکومت نے ایک اور تحفہ دیا، رات کے اندھیرے میں 45 فیصد گیس کی قیمت بڑھا دی۔‘
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’ہماری حکومت نے لوگوں کی آمدن بڑھائی اور عوام کو ریلیف دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں 38 فیصد اضافہ ہوا، بڑے گوشت کے نرخ 20 فیصد اور مرغی کی قیمت 62 فیصد بڑھی۔ یہ ساری چیزیں عام آدمی کھاتا ہے اور اس کا بوجھ عام آدمی پر پڑا ہے۔
’شہباز شریف کی شکل غور سے دیکھی ہے؟ بہت گھبرایا ہوا ہے، عجیب سا خوف آیا ہوا ہے۔ اگر آپ سے حکومت نہیں ہونا تھی تو یہ سازش کی کیوں؟ آج کہتے ہیں کہ عمران خان کی وجہ سے سب کچھ ہوا، تو ہمیں رہنے دیتے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے اسرائیل، انڈیا اور امریکہ نے سازش کی۔ ’میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت کرپشن پر ختم کی جاتی تھیں اور ہماری حکومت کو ہٹاتے وقت کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے گرائی، ایسا نہیں ہے بلکہ یہ سازش کے تحت گرائی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا، اسرائیل اور امریکہ کے ایجنڈے کو پاکستان میں لاگو کرنے کے لیے ہماری حکومت گرائی گئی۔ جن کا کام ہے ملک کا دفاع کرنا کیا ان کا کام نہیں تھا کہ وہ نیوٹرل رہنے کے بجائے اس سازش کو روکتے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم کو نہ مانا۔ شہباز شریف زبردست طریقے سے بوٹ پالش کر کے اقتدار میں آ گئے تو اب حکومت نہیں سنبھالی جا رہی۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’صرف ایک ہی راستہ ہے صاف و شفاف الیکشن کا، کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ سارا پاکستان الیکشن کے لیے تیار ہے۔