اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں برادر ملک ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔تمام پاکستانیوں کے دل ایسے مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔انسانیت کے خلاف گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث تمام شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائدایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائدحزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد نے بھی ترکیہ کے شہر استنبول میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں برادر ملک ترکیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔