اسلام آباد(کامرس رپورٹر) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے مذاکرات سے قبل پاکستان سے اہداف پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر محصولات کے ہدف میں اضافہ کرے۔نجی ٹی و ی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں تاریخ کی تبدیلی کر دی گئی، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات رواں ماہ کی 15 تاریخ سے شروع نہیں ہو سکیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف چاہتا ہے مذاکرات سے قبل پاکستان اہداف پر مکمل عملدرآمد کرے، سیلاب کے باعث صوبوں سے سرپلس، پرائمری بیلنس کا ہدف پورا نہیں ہو سکا، آئی ایم ایف فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) محصولات کے ہدف میں بھی اضافہ چاہتا ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف سے سیلاب کے باعث اخراجات بڑھنے پر بات ہوئی، سیلاب میں ایمرجنسی فنڈ اور دستیاب وسائل کو استعمال میں لایا گیا، آئی ایم ایف سے اضافی فنڈز کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، سیلاب سے جو اہداف حاصل نہیں ہو سکتے آئی ایم ایف نے رپورٹ مانگ لی۔