لندن( نیٹ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے، آئین کے مطابق طے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی لندن میں نوازشریف سے چوتھی ملاقات ہوئی ، دونوں بھائیوں کی ملاقات میں مریم نواز بھی شریک تھیں۔ملاقات سے واپسی پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے، آئین کے مطابق طے ہوگا۔گزشتہ روز بھی شہباز شریف نے حسن نواز کے دفتر میں بڑے بھائی سے چار گھنٹے طویل بیٹھک لگائی تھی، جس میں ملک سیاست سمیت کئی اہم معاملات پر مشاورت ہوئی تھی۔گزشتہ دو دن میں اب تک چار ملاقاتیں ہوچکی ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اتحادی رہنماؤں کو نواز شریف سے ملاقاتوں پر اعتماد میں لیں گے، جس کیلئے آئندہ ہفتے اتحادی رہنماؤں کا اجلاس بلایا جائے گا۔یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی تھئ کہ لندن میں شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت ضرورہوئی لیکن آرمی چیف کا فیصلہ آئینی عمل کے آغاز کے بعد مشاورت سے ہوگا۔خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ میڈیا میں قیاس آرائی ہے کہ نواز شریف اور شہباز کے مابین میٹنگ میں نئے آرمی چیف پر فیصلہ ہوا۔