اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)حریت رہنما یاسین ملک کو من گھڑت الزامات پر سزا پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیرقانونی غاصبانہ قبضے، تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی عدالت نے من گھڑت، جھوٹے الزامات پر دائر مقدمے میں یاسین ملک کو سزا سنائی، حریت رہنما یاسین ملک کو بیماری کے باوجود جیلوں میں بے رحمانہ سلوک کیا گیا، یاسین ملک کی قید، من گھڑت الزامات پر مقدمہ، بدنیتی پر مبنی سزا بھارتی عزائم کی عکاس ہے، بھارت کی کوشش ہے کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کے طور پر پیش کیا جائے، بھارت نے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو مکمل نظر انداز کیا۔
وزیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ یاسین ملک کے ساتھ سلوک، کشمیریوں، کشمیری قیادت کو مقدمات میں پھنسانے کی کوششوں کا حصہ ہے، خطرہ ہے یاسین ملک کو زیر حراست قتل کر دیا جائے، سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کا پرامن حل کرائیں، سیکرٹری جنرل بھارت کی مقامی کشمیری قیادت کو نشانہ بنانے کا فوری نوٹس لیں، یاسین ملک کے خلاف تمام بے بنیاد الزامات واپس لینے کے لیے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ یاسین ملک کو بھارتی قید سے فی الفور رہا کیا جائے، بے بنیاد، من گھڑت، جھوٹے الزامات میں قید تمام کشمیری رہنماؤں کو رہا کیا جائے، بھارت، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے، بھارت مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کو منسوخ کرے، اقوام متحدہ کی زیر نگرانی تحقیقات کے لیے آزاد محققین کو رسائی دے۔