لاڑکانہ (محمد عاشق پٹھان سے)لاڑکانہ پریس کلب کی جانب سے گھوٹکی کے رانوتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او دین محمد لغاری، ایس ایچ او عبدالمالک کمانگر، پولیس اہلکار محمد سلیم چاچڑ اور جتوئی پتافی کو خراج پیش کرنے کے لیے لاڑکانہ پریس کلب میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پریس کلب کے صدر ظفر ابڑو، جنرل سیکرٹری محمد عاشق پٹھان، خزانچی محمد حنیف سہاگ، سینئر صحافیوں ڈاکٹر بدر شیخ، مرتضیٰ کلہوڑو، سید جاوید شاہ، منور رند، نادر ابڑو، شاہ محمد لاشاری، راجہ گاڈہی، نادر میری، کیمرہ مین وسیم بھٹو، فوٹو گرافر مومن کنگو ، جانی سومرو اور دیگر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جہاں صحافیوں نے شہداء کی تصویروں کے آگے پھول رکھ کر دیئے جلاکر شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کی، اس موقع پر لاڑکانہ پریس کلب کے صدر ظفر ابڑو نے کہا کہ چند روز قبل گھوٹکی رانوتی کے کچے کے علاقے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے عوام کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جن شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، وہ شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں جنہیں یاد رکھنا زندہ قوموں کی نشانی ہے اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکریٹری محمد عاشق پٹھان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے گھوٹکی واقع میں شہید پولیس افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور شہداء پولیس کے ساتھ پاک آرمی کے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں پاک آرمی بھی ہماری سرحدوں کی محافظ ہے اور شہدا ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں اور ہمشہ دلوں میں یاد رکھا جاتا ہے۔