کراچی(نمائندہ خصوصی) رئیر ایڈمرل راجہ رب نواز نے کراچی میں منعقدہ تبدیلی کمان کی تقریب میں بطور کمانڈر کوسٹ منصب سنبھال لیا۔ تقریب میں رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے نئے آنے والے کمانڈر کوسٹ کو کمان سونپی۔ کمانڈ سنبھالنے کے بعد رئیر ایڈمرل راجہ رب نواز پاکستان بحریہ کی تمام کوسٹل یونٹس کے کمانڈر ہیں۔رئیر ایڈمرل راجہ رب نواز نے 1991 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران وہ کمانڈ اور اسٹاف کی متعدد تقرریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ذوالفقار، کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فلیٹ آپریشنز آفیسر، ڈائریکٹر آپریشنل ریسرچ، ڈائریکٹر نیول آپریشنز پلانز، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (پلانز)، کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف اسٹاف آفیسر، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ویلفیئر اینڈ ہاوسنگ) اور کمانڈر ویسٹ شامل ہیں۔ رئیر ایڈمرل راجہ رب نواز برطانیہ میں پاکستان کے ڈیفینس اینڈ نیول ایڈوائزر بھی رہے۔ قبل ازیں وہ پاک بحریہ میں فلیگ آفیسر سی ٹریننگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔رئیر ایڈمرل ایڈمرل راجہ رب نواز پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے امریکہ سے سیکیورٹی سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔ ایڈمرل کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں نئے کمانڈر کوسٹ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور زیر کمان یونٹس کے کمانڈنٹ/کمانڈنگ آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور نیوی سویلینز نے شرکت کی۔