اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سید حسن اظہر رضوی بھی بطور سپریم کورٹ کے جج تعینات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید کی تعیناتی بھی بطور سپریم کورٹ کے جج کی گئی ہے۔
صدر پاکستان نے جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی، صدر نے تعیناتیوں کی منظوری آئین کےآرٹیکل175اے کے تحت دی ہے۔دریں اثنا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس اطہر من اللہ کی سپریم کورٹ میں ترقی اور جسٹس عامر فاروق کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہوئی کورٹ تعیناتی کا خیرمقدم کیا۔ایک بیان میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ عدالت میں ترقی اس وقت تک سنیارٹی کی بنیاد پر کی جانی چاہیے جب تک میرٹ پر ترقی کے لیے کوئی معروضی معیار طے نہیں کیا جاتا۔