کراچی ( بیورورپورٹ ) ریلوے کی افسرشاہی مسافروں کے حقوق کے تحفظ کی بجائے یکطرفہ فیصلوں کے ذریعہ مسافروں کوپریشانی کا شکاربنانے سے بازنہیں آئی ہے،خیبرمیل ایکسپریس میں اے سی سلیپر کی ایڈوانس بکنگ کرانے والے مسافروں کو وجہ بتائے بغیربکنگ منسوخ کرکے سیکڑوں مسافروں کوپریشانی سے دوچارکردیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے 7 نومبرکو غیرمعینہ مدت کے لیے کراچی سے پشاور کے درمیان چلنے والی ون اپ اورٹوڈاؤن خیبر میل ایکسپریس میں اے سی سلیپرسے سفر کرنے والے مسافروں کو اے سی سلیپر کی بکنگ منسوخ کرنے کی اطلاع کی گئی ہے ۔ریلوے کی طرف سے بجھوائے گئے ایس ایم ایس میں کہاگیا ہے کہ ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے اے سی سلیپر کی بوگی خیبرمیں میل میں نہیں لگے گی ایڈوانس بکنگ والے مسافروں کو اے سی بزنس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا یا بکنگ کی منسوخی پرٹکٹ واپس کرکے پیسے واپس لیے جائیں۔دوسری جانب 8 نومبرکی بکنگ رکھنے والے مسافرٹکٹ کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے جب کینٹ ریلوے اسٹیشن اورسٹی ریلوے بکنگ آفس پہنچے تو انہیں کہا گیا 8 سے 14 نومبرتک کسی گاڑی میں کوئی جگہ نہیں ہے اپنے پیسے واپس لے لیں لیکن مسافروں کے احتجاج پرانہیں متبادل بوگیوں میں ایڈجسٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ریلوے حکام سے اے سی سلیپرکی بکنگ کی منسوخی اورخیبرمیل سے بوگی ہٹانے کی بابت وجہ پوچھنے کے لیے رابطہ کیا گیا توکمرشل آفیسر کراچی اسحق بلوچ نے وجہ بتانے سے گریز کیا تاہم ریلوے کے معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ کمائی کے لالج میں اے سی سلیپرکی بوگی ختم کرنے کا فیصلہ ریلوے کی افسرشاہی کا ہے جس کا مقصد رونیو میں اضافہ ہے اے سی سلیپرکی ایک بوگی میں 14 مسافروں کے سفرکی گنجائش ہے جبکہ اس کی جگہ اے سی بزنس کلاس کی بوگی میں 50 سے زائد مسافرسفرکرتے ہیں ۔ کنیٹ ریلوے اسٹیشن کے بکنگ کلرک نے اے سی سلیپرکی بوگی ختم کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ بوگیاں زیادہ پرانی ہونے اورسہولیات کے فقدان کی وجہ سے ایک جج کے اعتراض پرریلوے حکام نے بکنگ منسوخ کرنے اوربوگی ہٹانے کافیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ریلوے نے یہ نہیں بتایا کہ خیبرمیل میں اے سی سلیپر میں سفر کی سہولت کب تک مسافروں کو دستیاب نہیں ہوگی۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جن تاریخوں تک خیبرمیل میں اے سی سلیپر کی بکنگ ہوچکی تھی ریلوے حکام کو ان تاریخوں تک مسافروں کوسفرکی سہولت فراہم کرنا چاہیئے تھی اورمزید بکنگ بند کرنے کے بعد بوگی کوہٹانے کافیصلہ کرنا چاہیئے تھا ایڈوانس بکنگ کے باوجود سفرکی منسوخی مسافروں کی کھلی حق تلفی ہے جس کا وفاقی وزیرریلوے نوٹس لیں۔