لاہور ( نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کی غیر قانونی حراست کیخلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ متاثرہ شخص یا اسکی فیملی کے کسی ممبر نے درخواست دائر نہیں کی۔مذکورہ آئینی درخواست انسانی حقوق کی کارکن مس دلشاد خان ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی ۔جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ آئین کے تحت کوئی بھی درخواست گزار ہوسکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ملزم نوید کو مقدمہ درج کیے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے لہٰذا بازیاب کروانے کا حکم دیا جائے ۔