کراچی( بیورو رپورٹ ) نمائندگان )کراچی کے علاقوں شارعِ فیصل، ملیر، گلستانِ جوہر، ناظم آباد، کلفٹن، قیوم آباد، کورنگی، لانڈھی، صدر، کشمیر روڈ، ایف بی ایریا، گلشنِ اقبال کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں مغربی ہواﺅں کے زیر اثر موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ،پیر علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا۔صدر، برنس روڈ، ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہین کمپلیکس سمیت کہیں بونداباندی تو کہیں تیز پھوار پڑی ہے، جس سے سڑکیں بھیگ گئی ہیں۔اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں گارڈن ایسٹ، ویسٹ،سولجر بازار،رام سوامی اوررنچھوڑ لائن میں بھی بوندا باندی ہوئی ہے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ منگل تک گرج چمک اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔بارش کے بعد درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری کمی ہوسکتی ہےاس سے قبل موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کی جانب سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔موسمیاتی تجزیہ کارجواد میمن نے بتایا تھا کہ مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہے، مغربی ہواوں کا یہ سلسلہ ملک میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ مغربی ہواوں کا سلسلہ کراچی سمیت بالائی سندھ میں اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے باعث سندھ کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔جواد میمن نے بتایا کہ ان مغربی ہواوں کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔