اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم کے مشیر ورہنماءپیپلز پارٹی قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے، شرط رکھ کر فیصلہ کرائیں تو یہ کسی صورت قبول نہیں ہوگا،دھمکی،دھونس،گالی سے مطالبات نہیں منوائے جاتے، مارشل لاءکی دھمکیاں دےکر راستہ نکال لیں گے تو ان کی بھول ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے لیکن احتجاج کے علاوہ کوئی اور کام کریں گے تو قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں کسی او ر کام کی اجازت قانون بھی نہیں دیتا، جمہوریت ڈائیلاگ کے ذریعے آگے بڑھتی ہے۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ تلخی عمران خان کی مسلسل تنقید سے بڑھ گئی ہے، شرط رکھ کر فیصلہ کرائیں تو یہ کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شرائط کے ساتھ ڈائیلاگ نہیں ہوتے اس پر ہمارے تحفظات ہیں، عمران خان شرائط ختم کردیں تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی،دھونس،گالی سے مطالبات نہیں منوائے جاتے، مارشل لاکی دھمکیاں دےکر راستہ نکال لیں گے تو ان کی بھول ہے۔