گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ ہوس اقتدار کا مارچ ہے،ہوس اقتدار مارچ اب قاتل مارچ بنتا جا رہا ہے،لانگ مارچ کے باعث گوجرانوالہ میں معمولات زندگی متاثر ہیں،گوجرانوالہ کے مزدورں او ر کاروباری برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،اگر لانگ مارچ والے اسلام آباد پر امن احتجاج کے لیے آرہے ہیں تو ضرور آئیں،اگر انہوں نے دنگا فساد کرنے کی کوشش کی تو ہماری تیاری مکمل ہے۔بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے،یہاں کے عوام نے مشکل ترین حالات کے باوجود محمد نواز شریف کا ساتھ دیا ہے، حکومت اپنا ترقی کا سفر جاری رکھی گی، ملکی امور معمول کے مطابق چل رہے ہیں،ہماری توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12اگست کو قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور اکتوبر 2023 میں عام انتخاب ہونے ہیں،اگر عمران خان کو الیکشن کی جلدی ہے تو پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی اسمبلیاں توڑ دیں،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،
عمران خان لانگ مارچ میں لوگوں کو اکھٹا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لانگ مارچ والے اسلام آباد پر امن احتجاج کے لیے آرہے ہیں تو ضرور آئیں لیکن پی ٹی آئی کے لوگ پرتشدد احتجاج کی باتیں کر رہے ہیں،فسادی مارچ کے لوگوں نے پہلے پی ٹی وی پر حملہ کیا تھا ،اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتخانوں اور شہریوں کی زندگی کی حفاظت وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،گوجرانوالہ کی عوام نے فسادی مارچ کو بینروں کے ذریعے مستردکر دیا ہے ،گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ2008 ، 2013اور 2018 میں مسلم لیگ کے لیے بدترین حالات تھے اس کے باوجود یہاں کی عوام نے اپنی حمایت محمد نواز شریف کے قدموں پر نچھاور کر دی، اس فسادی مارچ کی وجہ سے جن دیہاڑی داروں اور کاروباری افراد کا کاروبار متاثر ہوا ہم ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،اس میں سارا نقصان پاکستان کا ہور ہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے یہ مارچ رینگ رہا ہے جب تک یہ اسلام آباد پہنچے گا تو نئے انتخابات کی تاریخ دے دی جائے گی،12 اگست کو قومی اسمبلی نے اپنی آئینی مدت پوری کرنی ہے اور اکتوبر 2023 میں عام انتخابات ہوں گے،عمران خان کی یہ ساری سرگرمیاں صرف اور صرف ہوس اقتدار کے لیے ہے۔