اسلام آباد ( بیورورپورٹ) مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل انور بھٹی نے ملک دشمن قوتوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ پاکستان کو سیاسی یا مالی مشکلات میں ڈال کر انکے ناپاک ارادے پورے ہو سکتے ہیں۔ ملک پر کسی نے بھی جارحیت کا سوچا یا سازش کی تو اسکی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے۔ بھارت کو علاقے کا تھانے دار بنانے کی امریکی کوشش کو کامیاب نہی ہونے دینگے۔ پاکستان کے بارڈر کے نزدیک فوجی مشقیں کرنے سے علاقائی امن کو نقصان پہنچے گا۔ لہذا بھارت اور امریکا فوجی مشقوں کا منصوبہ فوری مؤخر کریں۔ مسلم لیگ قیوم ان مشقوں کے خلاف اپنا مؤقف پوری دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے شدید احتجاج کرے گی۔
مقبوضہ کشمیر میں جو جارحیت بھارت نے شروع کر رکھی ہے دنیا کو اس پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا ہو گا۔ پاکستان ایک پر امن اور خودمختار ملک ہے۔ ہم اپنے دفاعی اداروں کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ افواج پاکستان سے متعلق موجودہ ہائی بریڈ وار پر ہماری کڑی نظر ہے، جس پر ہم ہر اس مافیا کی مذمت کرتے ہیں، جو بین الاقوامی قوتوں سے گٹھ جوڑ کر کے افواج پاکستان کو کمزور کرنے اور عوام کو اکسانے میں مصروف ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ قیوم کے صدر سید فقیر حسین بخاری کا وژن خان اعظم خان عبدالقیوم خان کا وژن ہے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر کہا کہ ملک میں پرامن دھرنے اور احتجاج جمہوریت کا حسن ہیں لیکن عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنا بھی تمام سیاسی جماعتوں سمیت حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔