اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زوردیا ہے کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنے علم ودانش،تجربات اور مہارتوں کو بروئے کار لائیں،آن لائن پلیٹ فارمز کے باعث اپنے علم کو دوسروں تک پہنچانا بہت آسان ہے۔ وہ بدھ کو یہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قابل قدر خدمات کے اعتراف میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں چیئرمین ویلفیئر سوسائٹی فار اوورسیز پاکستانیز رائٹس داﺅد غزنوی اوربڑی تعداد میں بیرون ملک مقیم ممتاز پاکستانیوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم یافتہ ، تربیت یافتہ اوراعلیٰ پیداواری انسانی وسائل کی ضرورت ہے جو کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے بنیادی عنصر ہے۔ انہوں نے ان تمام متعلقہ فریقوں ، حکومت اورنجی شعبہ پر زوردیا کہ وہ پیداواری انسانی وسائل سے استفادہ کےلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کےلئے ٹھوس اورجامع اقدامات کریں ،ماضی میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کے باعث ملک کے جسمانی وسائل بروئے کار نہیں لائے جاسکے جس سے ملک کی ترقی وخوشحالی پر منفی اثر پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلئے ووٹ کے حق کے حصول کےلئے کوششیں کررہے ہیں جو کہ ٹیکنالوجی اور آئی ووٹنگ سے بآسانی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت ان ممالک کے قوانین کے باعث پوسٹل بیلٹ حاصل نہیں کرسکتی اور نہ ہی ان کےلئے اپنا ووٹ ڈالنے کےلئے پاکستان آنا ممکن ہے ، اس لئے قابل اعتماد تصدیق شدہ اور ٹیکنالوجی پرمبنی الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام بہترین ممکنہ حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ٹیکنالوجی کی مدد سے تیزی سے ترقی کررہی ہے تاہم بدقسمتی سے ہمارا ملک ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ فریقوں پر زوردیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کےلئے ٹیکنالوجی پرمبنی سلوشنز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں اپنے بچوں کوقابل قبول سماجی و ثقافتی ماحول کی فراہمی کےلئے ملک میں واپس آکر بسنے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے اورہمیں ان کی اعلیٰ معیاری تعلیم ، علم اور مہارتوں کواپنی مصنوعات اورخدمات کے معیارمیں بہتری کےلئے بروئے کار لانا چاہئے۔
انہوں نے حکومت پر زوردیا کہ وہ اہلیت ، تعلیم اوراعلیٰ معیاری انسانی وسائل کوملازمتوں کےلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جو کہ ملک کی معیشت کے تمام شعبوں میں ترقی کےلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور تعلیم یافتہ انسانی وسائل کے معیار اورمقدارمیں بہتری اپنے کاروباری شعبے میں قانون پر منصفانہ اور شفاف عمل اورقابل تصدیق اورعملی کاروباری سرگرمیوں سے ہماری معیشت اورمالیاتی اشاریوں میں بہتری آئےگی۔ انہوں نے ملک میں اپنی محنت کی کمائی سے ترسیلات زر بھیج کرملک کی معیشت کو مضبوط کرنے پر بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ سب پاکستان کے سفیر ہیں۔
انہوں نے ان سے درخواست کی کہ وہ ترسیلات زر باضابطہ بینکنگ چینلز سے بھیجیں تاکہ ان کی محنت کی کمائی ملک کی ترقی و خوشحالی کےلئے استعمال ہوسکے۔ چیئرمین ویلفیئر سوسائٹی فار اوورسیز پاکستانیزرائٹس داﺅد غزنوی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کامیابیوں کا جشن منایا جارہا ہے اور ان کی قابل قدر خدمات کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنےوالے اوورسیز پاکستانیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔