اسلام آباد (کورٹ رپورٹر ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دئیے جانے کے فیصلے کے خلاف سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پرسماعت (آج) پیر 31 اکتوبر کوہوگی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے۔عمران خان کی نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے 22 اکتوبر کو درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔فیصلے سناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عمران خان کو جھوٹا بیان جمع کرانے پر آرٹیکل 63 (ون) (پی) کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے جہاں اس آرٹیکل کے مطابق وہ رکن فی الوقت نافذ العمل کسی قانون کے تحت مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) یا کسی صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب کیے جانے یا چنے جانے کےلئے اہل نہیں ہوگا۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں عمران خان کو عوامی نمائندگی کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے اپنے مالی اثاثوں سے متعلق حقائق چھپائے اور حقیقت پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹا بیان جمع کرایا، جھوٹ بولنے پر عمران خان عوامی نمائندگی کے اہل نہیں رہے۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کی بھی سفارش کی۔