سرینگر( نیٹ نیوز)
غیرقانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور معروف عالم دین میرواعظ عمر فاروق کو دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔اردن میں قائم رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) نے جارج ٹائون یونیورسٹی کے تعاون سے سالانہ فہرست جاری کی۔
میرواعظ کو سعودی عرب کے شاہ سلمان ، ایران کے آیت اللہ خامنہ ای ، پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور اردن کے شاہ عبداللہ کی طرح مسلمانوں کی 500 بااثر عالمی شخصیات میں شامل کیا گیا ہے۔ آر آئی ایس ایس سی اردن نے میرواعظ کے بارے میں کہاکہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ بات چیت کی وکالت کرتے رہے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی امنگوں کو پورا کیا جا سکے۔
میرواعظ کی نظربندی کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اگست 2019ء سے گھر میں نظربند ہیں۔رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر ایک آزاد تحقیقی ادارہ ہے جس کا تعلق رائل البیت انسٹی ٹیوٹ فار اسلامک تھاٹ سے ہے جو ایک غیر سرکاری بین الاقوامی اسلامی ادارہ ہے جس کا صدر دفتر اردن کے دارالحکومت عمان میں ہے۔