اسلام آباد( بیورورپورٹ) شہید ارشد شریف کی والدہ نے حکومت کی جانب سے بنایا گیا تحقیقاتی کمیشن مسترد کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں والدہ شہید ارشد شریف نے انکوائری کمیشن کو وزیراعظم کے بیان سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کے قتل پر سیاست نہ کھیلی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مکمل اور بااختیار جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے ارکان بھی شامل ہوں، ایساانکوائری کمیشن بنایا جائے جس پرخاندان اور صحافیوں کا اعتماد ہوسکے۔شہید ارشد شریف کی والدہ نے کہا کہ پورا خاندان اس وقت کرب سے گزر رہا ہے، اس میں اضافے کے بجائے انصاف کو یقینی بنایا جائے،
حکومت نے دو ماتحت افسران اور ایک ریٹائرڈ جسٹس پر مشتمل کمیشن بنادیا، ایسے کمیشن سے آزادانہ تحقیقات کی توقع بالکل نہیں ہوسکتی ،والدہ شہید ارشد شریف کا کہنا تھا کہ *حکومت نے ارشد شریف پر کئی بغاوت کے مقدمات درج کرائے اس پر اپنے وطن کی زمین ہی تنگ کردی گئی
جس کے باعث ارشد شریف ملک چھوڑ کر دبئی چلا گیا وہاں سے بھی اسے بے دخل ہونے پر مجبور کیا گیا،والدہ ارشد شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے جاری بیان کے مطابق کمیشن کی تشکیل کریں، پی ایف یو جے سمیت صحافی برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرے، شہیدارشد شریف کا خون ناحق کسی بھی صورت نہیں رہےگا۔