اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل بھٹی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں قوم سے اپنے خطاب میں پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے قوم کے سامنے کوئی پلان نہیں رکھا تھا، مسلم لیگ قیوم کا موقف ہے کہ جس حکومت کے پاس مہنگائی پر قابو پانے کا کوئی منصوبہ نہ ہو اور انرجی کے متبادل ذرائع ہونے کے باوجود انکا استعمال نہ کیا جائے تو ایسی حکومت کو عوام پر حکمرانی کرنے کا کوئی حق باقی نہیں بچتا۔ انہوں نے کہا کہ غریب افراد کے لیے ریلیف پیکیج اور آٹا سستا کرنے کے اعلانات بھی صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے علاؤہ کچھ نہیں ہے۔
فیصل بھٹی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کی چکی میں غریب عوام کو پیسنے کے بجائے ملک میں جاری مفت پٹرول کی سپلائی لائن کو ختم کر دیں تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ اس کے علاؤہ حکومت فوری طور پر ہفتے میں تین دن ورک فرام ہوم کی پالیسی اپنائے تاکہ پٹرول کی ڈیمانڈ کو کم کیا جا سکے۔ فیصل بھٹی نے حکومت کو پاکستان میں رئیل اسٹیٹ پالیسی پر نظر ثانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ واحد کاروبار ہے جس کی مدد سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بے پناہ اضافہ ممکن ہے۔