اسلام آباد(بیورورپورٹ )
بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آج اسلام آباد میں واک کا اہتمام کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واک کی قیادت وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کی جبکہ اس میں پارلیمنٹرینز سمیت معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔واک دفتر خارجہ اسلام آباد سے شروع ہو کر ڈی چوک اسلام آباد پر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کے خلاف نعرے درج تھے۔
حنا ربانی کھر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر لڑ رہا ہے۔
وزیر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی سطح پربیداری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ واک یہ پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کا بھارتی جبر ان کے حق خودارادیت کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، اعجاز رحمانی، شیخ یعقوب، راجہ شاہین، الطاف احمد بٹ، میاں مظفر، زاہد صفی، اشفاق احمد بلوال، منظور احمد ڈار، محمد اشرف ڈار، محمد سلطان بٹ اور عدیل مشتاق بھی اس موقع پر موجود تھے۔