کراچی( کرائم رپورٹر )
کراچی میں پولیس اور حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنل اور پولیس یونیفارم میں ملبوس 4 گن مینوں کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان کو کھارادر کی حدود سے گرفتار کیا گیا اور ملزمان سے اسلحہ اور گاڑی برآمد کی گئی۔ایس ایس پی نے بتایا کہ جعلی پولیس اہلکار جعلی فوجی افسر کے ساتھ گن مین کے طور گھوم رہے تھے، ملزمان کی شناخت عبدالطیف جیلانی (جعلی افسر)، اسامہ، شہباز ، رضوان، محمد عابد علی اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھاکہ ملزمان اپنے آپ کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرتے تھے جبکہ گرفتار ملزم نے اپنے آپ کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرکے متعدد دکانوں کو بھی سیل کروایا تھا اور کے ایم سی افسران کو بھی بلیک میل کرتے تھے۔ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان مختلف دکانوں پر جاکر مالکان کو دھمکا کر بلیک میل کرتے تھے، ہوم ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا گیا ہے کہ نجی کمپنی کو بند کرکے بلیک لسٹ کیا جائے-ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 448/2022 بجرم دفعہ 170/171/34 درج کرکے مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے