کراچی( اسپورٹس رپورٹر/ کامرس رپورٹر )
نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر حال ہی میں این بی پی کے قائم مقام صدر رحمت علی حسنی اور پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ آفس میں دستخط کئے جس کے تحت این بی پی کو نیشنل سٹیڈیم کراچی کےلئے آئندہ پانچ سال کےلئے نیمنگ رائیٹس ملیں گے۔رمیز راجہ اور رحمت علی حسنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ادارے نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کےلئے مل کر کام کریں گے جو ملک میں کرکٹ کی ترقی اور فروغ کےلئے بہت ضروری ہے۔