اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے تحفے فروخت کرکے وزیراعظم ہاﺅس کو دکان ہی بنا ڈالا، الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کرنے پر عمران خان کیلئے عوام باہر نہیں نکلی،عمران خان نے ایک نہیں سینکڑوں تحفے بیچ دئیے، عمران خان کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل چکی، کہاں گیا وہ دعویٰ جس میں کہا جا رہا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ صحافی ارشد شریف کے قتل پر دکھ اور افسوس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ نے واقعے پر رپورٹ مرتب کرنے کا کہا ہے ۔
مصدق ملک نے کہاکہ تاریخ میں عمران خان ملزم نہیں مجرم ہیں ،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق عمران خان کرپٹ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عدالتوں کا جو فیصلہ آئے تسلیم کرینگے،عمران خان کو جرم ثابت ہونے پر نا اہل کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ چند سال پہلے ایک وزیر اعظم کو بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا ،عدالت نے کہا آپ پیسے لے سکتے تھے نہیں لیے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کروڑوں کے تحفے لیے ڈکلیئر نہیں کیے ،عمران خان نے غیر ملکی سربراہان کے تحفے لیکر بیچے ،جو آپکو فائدہ ہوا وہ ڈکلیئر نہیں کیے،ایک نہیں سینکڑوں تحفے بیچ دئیے ،وزیر اعظم ہاوس کوئی دکان نہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نواز شریف کے فیصلے کے بعد کیچڑ اچھالا ،عمران خان کی کیچڑ کی بالٹی سے کسی کی بہن بیٹی محفوظ نہیں رہی ۔انہوںنے کہ اکہ عمران خان کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل چکی ،عدالتی فیصلے کے بعد کوئی گھر سے نہیں نکلا ۔ انہوں نے کہاکہ کے پی پنجاب میں حکومتوں کے سپانسرڈ مظاہرے کہاں گئے۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف جب جی ٹی روڈ پر تھے تو عوام کا سمندر تھا،کہاں گیا وہ دعویٰ کہہ رہے تھے عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے ۔انہوںنے کہاکہ الیکشن آئین کے مطابق وقت پر ہونگے ،عمران خان کی اب کی دھمکی این آر او کیلئے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ اپنے خلاف سزا کو ختم کرانا چاہتے ہیں ،عمران خان اب تحفوں کی برآمدگی بچانا چاہتے ہیں ،وہ کہہ رہے ہیں تحفہ ایک ایک کر کے برآمد نہ کریں۔