کوئٹہ /گوادر( نمائندہ خصوصی)بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں پکنک منانے آئے افراد پر قیامت ٹوٹ پڑی۔تفصیلات کے مطابق جیونی پکنک پوائنٹ پر لوگ پکنک منانے میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑی تودہ ان پر جاگرا، دلخراش واقعے کی اطلاع ملنے پر پاکستان نیوی، کوسٹ گارڈز کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق افسوسناک واقعے میں ایک بچہ دب کر جاں بحق ہوا ہے، جس کی لاش نکالی جاچکی ہے جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑی تودے کے نتیجے چار سے پانچ افراد دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ اتوار کے روز بلوچستان کے تمام ساحلی مقامات پر عوام کی بڑی تعداد سیروتفریح کی غرض سے آتی ہیں، یہاں آنے والوں میں اکثریت کراچی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے جیونی میں پہاڑی تودہ گرنےکےواقعےپرافسوس کااظہار کیا ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا بعض افرادکےپہاڑی تو دے کےنیچےدبنے پرگہری تشویش ہےوزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرگوادرکوفوری طور پر جائے حادثہ پرامدادی کارروائیوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئےتمام وسائل بروئےکارلائےجائیں۔