سرینگر (نیٹ نیوز )
غیرقانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کشمیریوں سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر قابض بھارتی فوج کا حملہ بھارت کی نوآبادیاتی تاریخ کا سب سے خوفناک واقعہ ہے جس نے خطے کو عدم استحکام اور تشدد کی طرف دھکیل دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کا آغاز تھا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 1947ء میں اسی دن کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق کو پامال کرتے ہوئے رات کے اندھیرے میں اپنی فوجیں سرینگر میں اتاریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی غیرقانونی کارروائی کو قانونی جواز فراہم کرنے کے لئے مہاراجہ کی الحاق کی ایک جعلی دستاویز پر انحصار کررہا ہے جس پر دستخط کرنے کااس کو کوئی اختیارہی نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ برطانوی مورخ الیسٹر لیمب نے اپنی کتاب میں ثابت کیا ہے کہ الحاق کی دستاویزجعلی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے طول و عرض میں تعینات 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی کشمیریوں کو بے دردی سے نشانہ بنا رہے ہیں اور گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔حریت رہنما نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیارکرے۔