ٹنڈوجام (بیورورپورٹ) ملک کے تدریسی، صنعتی، فیکلٹی مینیجمینٹ اور زرعی انجینئرنگ کے ماہرین و اسکالرز نے ملک میں ماحول دوست انجن تیار کرنے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کرنے اور اکیڈمیاں اور صنعت کے درمیان مشترکہ روابط پر زور دیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ زرعی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ میں زرعی انجینئرنگ کے گریجویٹس کے لیے کیرئیر کونسلنگ کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا ہے کہ ہم یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز میں جدید ٹیکنالوجی کے مطابق انڈسٹری اور ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹوں کے لیے درکار نئے کورسز اور ڈگری پروگرامز متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا انرجی، آبپاشی، سرکاری، پرائیویٹ ادارے حتیٰ کہ ایک کاروباری شخصیت کے طور پر بھی ہمارے گریجوئیٹس اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں، اس لیے یہاں سے فارغ التحصیل افراد کو مواقع ملنا چاہیے۔ فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجنیئرنگ کے ڈین ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے مشترکہ تعاون سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار میں نئے آئیڈیاز کی آمد سے ملک ترقی کرے گا۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن اور نیو کیس ہالینڈ انڈسٹری کے کنٹری منیجر پاکستان انجینئر منصور علی رضوی نے کہا کہ دنیا کا گلوبل ولیج ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں دنیا کی تمام اقوام کے ساتھ مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔
اس لئے جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کو سامنے رکھتے ہئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی اس فیکلٹی کے لیے وہ اطالوی سفارت خانے سمیت مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ اس ادارے میں سینٹر آف ایکسی لینس بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی بدل چکی ہے، اب پرانے انجن کو بیکار سمجھا جاتا ہے، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں کومدنظر رکھتے ہوئے جدید اور ماحول دوست انجن تیار کیے جارہے ہیں، اس لئے ہمیں بھی نصاب میں تبدیلی لانا ہوگی، بی بی ایس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ایڈ اسکل ڈولپمینٹ خیرپور میرس کے پروفیسر انجینئر ایاز علی مانڈن نے کہا کہ یونیورسٹی کے زرعی انجینئر کو تحقیق اور نئی ایجادات پر توجہ دینی ہو گی تاکہ پرائیویٹ یا پبلک سیکٹر میں اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو۔ تقریب سے فوکل پرسن ڈاکٹر محمود لغاری، اسسٹنٹ پروفیسر زیبسٹ ڈاکٹر کامران احمد سومرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈین ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ، ڈین ڈاکٹر منظور علی ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔