اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب زدگان کے لئے امداد اور امدادی سامان بروقت مہیا کرنے پر چین اور اس کی قیادت کی تعریف کی ہے۔
ایوان وزیراعظم اسلام آباد میں چائنہ تھری گورجز کارپوریشن (سی ٹی جی) کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے رقم عطیہ کرنے بارے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے چینی حکومت، قیادت اور مشکل حالات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ اور چائنہ تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے نائب سربراہ ڈو بانگ شیاؤ نے 15 کروڑ 30 لاکھ 92 ہزار 150 پاکستانی روپے (6 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالرز) مالیت کا چیک امدادی فنڈ میں عطیہ کیا۔
وزیراعظم نے ورچوئل لنک سے اجلاس میں شرکت کرنے والے چائنہ تھری گورجز انٹرنیشنل (سی ٹی جی آئی) کے چیئرمین ووشینگ لیانگ کو بتایا کہ یہ عطیہ متاثرہ افراد کی بحالی میں ایک قیمتی مدد ثابت ہوگا۔اسی موقع پر سفیر نونگ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کے کاموں میں عطیات دینے والا چین سب سے بڑا ملک ہے ۔چین نے کمبل، خوراک اور خیموں سمیت دیگر امدادی سامان مہیا کیا ہے ،اور یہ امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
سیلاب سے تباہی بارے بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب سے 1 ہزار 600 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، لاکھوں گھر تباہ ہوئے، بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا، اور 40 لاکھ ایکڑ فصلیں بہہ گئیں۔