کراچی (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دیہی اور دور دراز کی آبادیوں کو صحت کی دیکھ بھال، ای فنانس، ای ایگریکلچر اور ای ایجوکیشن سمیت معلومات اور ای سوٹ خدمات تک رسائی کو ممکن بنانا ہے تاکہ انھیں ملک کی معاشی ترقی کے قابل بنایا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں دادو، جامشورو، بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ اور قمبر و شہداد کوٹ اضلاع میں یو ایس ایف اور پی ٹی سی ایل کے درمیان آپٹک فائبر کیبل (او ایف سی) بچھانے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر اہتمام پروگرام میں وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی محسن مشتاق، صدر اور گروپ سی ای او پی ٹی سی ایل اینڈ یوفون مسٹر حاتم بمترا اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دادو، جامشورو، بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ، قمبر اور شہداد کوٹ اضلاع میں بچھائی جانے والے آپٹک فائبر کیبل پروجیکٹس (OFC) کے دستخطی تقریب کے معزز مہمانوں میں شامل ہونا ان کیلئے خوشی کی بات ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارے ملک کے کچھ حصوں میں تکنیکی ترقی اور معاشی حالات ایک اہم موڑ پر تھے جس نے لاکھوں پاکستانیوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ان تمام چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق وفاقی وزارت آئی ٹی یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے ذریعے مختلف منصوبے بنارہی ہے جو کہ ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کر رہے ہیں جیسا کہ ڈیجیٹلائزیشن ہمارے کاروبار اور کمیونٹیز کیلئے ایک اولین ترجیح بن چکی ہے، یو ایس ایف کے ذریعے وزارت آئی ٹی اینڈ ٹی کا مقصد پاکستان کے تمام شہریوں کو جوڑنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہااس کے نیکسٹ جنریشن آپٹک فائبر (این جی-او ایف) نیٹ ورک اینڈ سروسز پروگرام کے تحت USF نے 31.5 ملین پاکستانیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے 16000 کلومیٹر سے زیادہ آپٹک فائبر کیبل (OFC) بچھانے کا معاہدہ کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال، ای فنانس، ای ایگریکلچر اور ای ایجوکیشن جیسی معلومات اور ای سوٹ خدمات تک رسائی فراہم کرکے وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن نہ صرف ملک کے دیہی اور دور دراز کی آبادیوں کو قابل بنا رہی ہے بلکہ اقوام متحدہ (UN) پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے تعاون سے قومی جی ڈی پی پر مثبت اثر ڈالنے کیلئے معاشی ترقی کی سپورٹ بھی کررہی ہے۔وزارت آئی ٹی اپنے وزیر سید امین الحق کی سربراہی میں مزید تین منصوبوں پر معاہدے کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں سے سندھ کے دیہی اور دور دراز کی آبادیوں تک رسائی اور رابطے کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دادو، جامشورو، بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ اور قمبر۔ شہداد کوٹ کے اضلاع میں رہنے والے لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے براڈ بینڈ کوریج کیلئے ڈیجیٹل ہائی وے فراہم کرنے کا مقصد حاصل ہوگا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 5 ارب روپے سے زائد لاگت سے شروع کیے گئے اس منصوبے سے 207 غیر محفوظ یونین کونسلز (UCs) اور ٹاؤنز میں رہنے والے تقریباً 4.2 ملین افراد کی آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔ اور مزید کہا کہ ان منصوبوں کو نوڈ کے 5 کلومیٹر کے دائرے میں 686 تعلیمی اداروں، 212 صحت کی سہولیات، 276 سرکاری دفاتر اور 1,367 ٹیلی کام ٹاورز کو جوڑنے کیلئے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی، ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان لڑکیوں کو بھی بااختیار بنایا جائے گا اور بہت سے دیگر فوائد بھی حاصل ہوں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹی سید امین الحق نے اپنی وزارت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور آئی ٹی کی برآمدات کو 2.5 ارب ڈالر سے بڑھا کر 3 ارب ڈالر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے سی ای او حاتم بامترا اور یو ایس ایف کے سی ای او حارث محمود نے معاہدے پر دستخط کیے۔ عمران خان سے متعلق گفتگو: عمران خان کے حالیہ ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "زمین پر کوئی ایسی طاقت نہیں جو پاکستان کو ختم کر سکے۔ ” انہوں نے کہا کہ ان کے لیے بابائے قوم کے الفاظ ہی کافی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر وہ (عمران خان) کسی اچھے اسکول میں پڑھتے تو وہ پاکستان کے بارے میں قائد کے خیالات کو سیکھ پاتے، انھیں ابھی اسکول جانا چاہیے لیکن ہمارے اخراجات پر نہیں۔